10 فروری 2015 - 06:21
عراق کی تازہ ترین سیکورٹی اور سیاسی صورتحال

عراق کے شمالی اور مغربی علاقوں میں داعش کےخلاف شدید لڑائی جاری ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق پیر کے روز فوج نے قبائلی افراد کی مدد سے صوبہ الانبار کےصدرمقام الرمادی کےمغرب میں داعش دہشت گردوں سےسخت مقابلہ کرتے ہوئےاس گروہ کےایک سرغنہ سمیت متعدد دہشت گردوں کوہلاک کردیا- عراق کے سیکورٹی ذرائع کے مطابق داعش کا ہلاک ہونے والا کمانڈر خلف العبیدی صوبۂ الانبار کے مغربی علاقوں میں عام شہریوں پر بڑے پیمانے پر کئے جانے والے حملوں میں ملوث رہا ہے ۔ شمالی عراق کے صوبۂ صلاح الدین کے آپریشن کمانڈر نے بھی کہا ہےکہ عراقی فوج نے بیجی میں تکفیری دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملے کرکے بیجی آئیل ریفائنری سمیت بڑے علاقے کو داعش دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد اور دسیوں دہشت گردوں کو موت کےگھاٹ اتاردیا۔ موصولہ رپورٹوں کے مطابق عراقی فوجیوں کا اس وقت بیجی کے علاقے پر قبضہ ہے البتہ بیجی کے بعض جنوبی علاقوں میں داعش کے عناصر کے ساتھ چھٹ پٹ لڑائی کی خبریں مل رہی ہیں۔ عراق کے صوبوں الانبار اور صلاح الدین میں داعش کے خلاف جہاں فوج کی پیشقدمی جاری ہے وہیں اس دہشت گرد گروہ نے دارالحکومت بغداد کے شمال ميں متعدد شہریوں کو خاک و خون ميں غلطاں کردیا۔
عراق کے سیکورٹی ذرائع کی رپورٹ کے مطابق بغداد کے مضافاتی شہر کاظمین کےایک ریسٹورینٹ میں ہونے والےدھماکےمیں اٹھارہ عام شہری جاں بحق اور تینتیس زخمی ہوگئے ہيں- دریں اثنا فرانسیسی وزیر اعظم مانوئل والس نے پیر کے روز اعتراف کیاہے کہ اس وقت تقریبا چودہ سو فرانسیسی باشندے عراق اورشام میں داعش دہشت گردگروہ کی صفوں میں شامل ہوکر دہشت گردانہ کاروائیاں انجام دے رہے ہيں - انہوں نے فرانس اورمشرق وسطی کے ملکوں کے درمیان دہشت گردوں کی آزادانہ آمد و رفت کے تعلق سے پیرس کی خاموشی کی جانب اشارہ کئے بغیر کہا کہ اب تک تقریبا اسّی فرانسیسی دہشت گرد عراق اور شام میں ہلاک ہوچکے ہیں- اس درمیان عراق کے وزیراعظم حیدرالعبادی نے امریکی قیادت میں داعش کے خلاف نام نہاد اتحاد کی جانب سے کسی واضح اسٹریٹیجی نہ ہونے کو ہدف تنقیدبناتے ہوئے کہا کہ وسیع پیمانےپرہونےوالے پروپگنڈوں کےباوجود یہ عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس ہے جو داعش کامقابلہ کررہی ہے انہوں نے کہا کہ داعش کے زیر قبضہ علاقوں میں اتحادی فوج کے حملوں کا کوئی اثر نہيں دیکھا جارہا ہے -

.......

/169